لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں- وزیراعظم عمران خان قوم سے کئے وعدے پورے کریں گے- موجودہ مشکل وقت عارضی ہے اور قوم کی حمایت سے چیلنجز پر قابو پائیں گے- سابق ادوار میں غلط پالیسیاں بنا کر معیشت کا بیڑا غرق کیا گیا اور ملک و قوم کے ساتھ گھنا¶نا کھیل کھیلا گیا- مصنوعی اعداد وشمار کے ذریعے عوام سے حقائق چھپائے گئے- آج خراب صورتحال کی ذمہ دار سابق حکومت ہے- انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت معیشت کو صحیح سمت پر لانے کے لئے ملکی مفاد میں ہرفیصلہ کر رہی ہے- ہمارے دور میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں- کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا۔ کرپٹ لوگوں سے کرپشن کا پیسہ واپس لیں گے- انہوں نے کہا پاکستان کے 22 کروڑ عوام ہماری طاقت ہیں- عوام کو بنیادی ضروریات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور ہم یہ فرض پورا کریں گے- انہوں نے کہا وزیراعظم عمران کے نئے پاکستان کے خواب کی محنت سے تعبیر کریں گے- وہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی- وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے- وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سابق رکن قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما سردار شجاع محمد خان بلوچ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دیہی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا پاکستان کی دیہی خواتین نہایت محنتی اور جفاکش ہیں۔ دیہی معیشت کی ترقی میں خواتین کا کردار قابل ستائش ہے۔ علاوہ ازیں معروف روحانی بزرگ حضرت خواجہ شاہ سلمان تونسوی کے عرس کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان نے تحصیل تونسہ میں 17 اکتوبر بروزر بدھ کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی عرس مبارک کے موقع پر زائرین کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں اور زائرین کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
عثمان بزدار
موجودہ مشکل وقت عارضی‘ قوم کی حمایت سے چینلجز پر قابو پائیں گے : عثمان بزدار
Oct 15, 2018