عالمی بینک نے خیبرپختونخوا میںتوانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے 200ملین ڈالرزکی مالی معاونت کی فراہمی پر اتفاق

Oct 15, 2018

پشاور(بیورورپورٹ)عالمی بینک نے خیبرپختونخوا میںتوانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے 200ملین ڈالرزکی مالی معاونت کی فراہمی پر اتفاق کرتے ہوئے پن بجلی کے 3منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔جس سے ایک طرف صوبے میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی تودوسری طرف روزگارکے نئے مواقع میسرآئیں گے۔ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کوسالانہ اربوں روپے کی آمدن بھی ہوگی۔ اس سلسلے میں عالمی بینک کے انرجی سپیشلسٹ لیڈر Dr. Rikard Lidenاورسینئرانرجی سپیشلسٹ محمدثاقب کی سربراہی میںعالمی بینک کے مشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ خان سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقدکیا۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی سلیم خان،پیسکوچیف امجد علی خان،چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرذین اللہ شاہ،سیکرٹری سینئرممبربورڈآف ریونیوSMBRقیصرخان،جنرل منیجر ہائیڈل انجینئربہادرشاہ اور ڈائریکٹرپیسکوحبیب خان مروت نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ عالمی بینک خیبرپختونخواکے ضلع اپر دیر اورسوات میںپن بجلی کے 3منصوبے پتراک شرینگل ہائیڈروپاورپراجیکٹ22میگاواٹ ،بریکوٹ پتراک ہائیڈروپاور پراجیکٹ47 میگاواٹ اورگبرال کالام ہائیڈروپاورپراجیکٹ88میگاواٹ کی تعمیر کےلئے 200ملین ڈالرزکی مالی معاونت فراہم کرے گا۔ان منصوبوں سے مجموعی طورپر157میگاواٹ بجلی پیداکی جائے گی جس سے صوبے کو سالانہ اربوں روپے کی آمدن ہونے کے ساتھ ساتھ روزگارکے نئے مواقع بھی میسرآئیں گے۔پن بجلی کے تینوں منصوبوں کو2025تک مکمل کیا جائے گا۔اجلاس میں عالمی بینک کے ٹیم لیڈرDr. Rikard Lidenنے کہا کہ عالمی بینک پاکستان میں سماجی شعبے کی ترقی کے لئے کئی پروگرامزپر کام کررہاہے جس سے یہاں ترقی کے نئے دورکا آغاز ہوگا۔ انہوں نے ضلع کوہستان میں داسوپاورپراجیکٹ میں حائل رکاوٹیں دورکرنے کے لئے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کی درخواست کی ۔اجلاس میں مشیرتوانائی حمایت اللہ خان اورسیکرٹری توانائی سلیم خان نے عالمی بینک کی طرف سے توانائی کے شعبوں میں مالی معاونت کی فراہمی اورمحکمہ توانائی میں افسران کی Capacity Buildingکے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اورصوبے میں اپنے ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن نظام کے قیام پر زوردیا۔ انہوں نے عالمی بینک کے مشن کو یقین دلایا کہ داسوپراجیکٹ میںکوہستان کی ضلعی انتظامیہ درپیش مسائل کے حل میں بھرپورتعاون کرے گی۔
عالمی بینک 200ملین ڈالر

مزیدخبریں