لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپئین شہباز احمد سینئر کا کہنا ہے کہ ہاکی کو بدنام ہاکی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہی کیا ہے۔ فنڈز کے غلط استعمال کے الزامات ماضی میں بھی لگائے جاتے رہے ہیں جب خواجہ جنید ہیڈ کوچ تھے اس وقت بھی یہی الزامات لگائے جاتے تھے آج بھی وہی باتیں دہرائی جا رہی ہیں۔ جہاں ضرورت تھی وہیں پیسے خرچ کیے ہیں۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی دعوے نہیں کیے عہدہ سنبھالتے وقت بھی کہا تھا کہ ہاکی میں دنیا سے بہت پیچھے ہیں۔ ہاکی کو منظم کیے بغیر ہم دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔مجھے قومی کھیل سے عزت ملی ہے ۔ کوشش ہے کہ فنڈز ملیں اور کھلاڑی توجہ اور یکسوئی کیساتھ کھیل پیش کر سکیں ۔ ورلڈکپ میں ٹیم سے بہتر کھیل کی توقع ہے۔ ڈیلی الاونس کھلاڑیوں کا بنیادی حق ہے وہ انہیں بروقت ملنا چاہیے ہمیں براہ راست فنڈز کی بھی ضرورت نہیں ہے حکومت تمام دوروں کے اخراجات اور کھلاڑیوں کے معاوضے خود ادا کر دے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے اس طرح فنڈز کے استعمال پر اٹھنے والے اعتراضات بھی ختم ہو جائیں گے۔