ٹی 10 لیگ: سینچری بناؤ، دبئی میں گھر پاؤ‘ بیٹسمینوں کو پرکشش آفرز

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگز کی کامیابی کے بعد اب متحدہ عرب امارات میں ٹیٹین لیگ کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس میں امید ہے کہ شائقین کو بلے بازوں کی جانب سے خاصی جارحانہ بیٹنگ دیکھنے کو ملے گی۔ٹی ٹین لیگ کا آغاز جمعرات سے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں ہو رہا ہے جس میں چھ ٹیمیں پنجابی لیجنڈز، بنگال ٹائیگرز، کیرالہ کنگز، مراٹھا عربیئنز، پختونز اور ٹیم سری لنکا حصہ لیں گی۔ اس کرکٹ لیگ میں جہاں بلے بازوں کی کوشش زیادہ سے زیادہ چھکے چوکے لگانے کی ہو گی وہیں ہارڈ ہٹنگ بلے بازوں کی کوشش دبئی میں وہ اپارٹمنٹ بھی جیتنے کی ہوگی جو کہ ٹی ٹین لیگ میں سینچری سکور کرنے والے بلے باز کو ملے گا۔خلیج ٹائمز کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایکوا پراپرٹیز کے علی تمبی نے جو کہ مراٹھا عریبئنز ٹیم کے مالک بھی ہیں، کہا ہے کہ ’جو بلے باز بھی اس لیگ میں سینچری سکور کرے گا اسے دبئی میں پانچ لاکھ درہم مالیت کا ایک سٹوڈیو اپارٹمنٹ بطور انعام دیا جائے گا۔‘ان سے سوال کیا گیا کہ کیا یہ کسی بھی بلے باز کے لیے ممکن ہوگا کہ وہ 60 گیندوں پر مبنی اننگز میں 30 یا 40 گیندیں کھیل کر سینچری سکور کرے؟ اس پر ان کا جواب تھا کہ ’کیوں نہیں‘۔ علی تمبی نے کہا کہ ’دوسری ٹیموں کے بلے باز بھی ایسا کر سکتے ہیں لیکن اگر میں اپنی ٹیم کی بات کروں تو ایلکس ہیلز، وریندر سہواگ اور کامران اکمل ایسا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ کامران اکمل اس سے قبل بھی 70 گیندوں پر 150 رنز سکور کر چکے ہیں جس کا مطلب ہے کہ 40 گیندوں پر سینچری بھی ہو سکتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ کوئی نہ کوئی سینچری سکور کر کے اپارٹمنٹ جیتے گا۔‘یہ کہنا کہ ایسا کرنا کسی بلے باز کے لیے مشکل ہوگا اس لیے بھی درست نہیں کیونکہ ابھی حال ہی میں ہونے والی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 18 چھکے لگا کر صرف 69 گیندوں پر 146 رنز کی اننگز کھیل کر سب کو حیران کر دیا تھا۔خیال رہے کہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی لیگ یعنی پاکستان سپر لیگ میں بھی کچھ ایسا ہی اعلان کیا جاتا رہا ہے جس کا نام ’کیچ اے کروڑ‘ ہے۔

ای پیپر دی نیشن