لاہور( سپورٹس رپورٹر) 33ویں نیشنل گیمز کی مشعل لاہور سے راولپنڈی پہنچ گئی۔ جعفر ایکسپریس کے ذریعے ٹارچ راولپنڈی ریلوے سٹیشن پہنچی جہاں اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رانا سرور نے ٹارچ کا استقبال کیا۔پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اعظم ڈار سمیت ریلویز حکام بھی مشعل کی آمد پر موجود تھے۔ نیشنل گیمز ٹارچ آج بروز منگل کو اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ کرے گی۔ دامن کوہ، فیصل مسجد، نیشنل مونومنٹ، پاکستان سپورٹس کمپلیکس مشعل کو لے جایا جائیگا۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، کمانڈر نارتھ نیوی کموڈور حامد حسین سمیت نامور پلیئرز، آفیشلز مشعل تھامیں گے۔ ڈائریکٹر آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ بریگیڈئر ظہیر اختر ، بیگم عشرت اشرف سمیت دیگر شخصیات بھی ٹارچ تھامے گی۔ اس موقع پر رانا سرور کا کہنا تھا کہ ٹارچ ریلی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، کھیلوں کے ذریعے امن کا پیغام جائیگا۔ اسلام آباد کے بعد مشعل آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا رخ کرئے گی۔