ڈسکہ، ستراہ ‘ سیالکوٹ(نامہ نگار، نمائندہ خصوصی) ایک روز قبل لاپتہ ہونے والا 8سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل، نعش کھیتوں سے برآمد، ورثاء کا نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس۔ تھانہ صدر ڈسکہ کے علاقہ جیسر والا کے رہائشی قمر سجاد کا ایک روز قبل گھر سے باہر کھیلنے گیا 8سالہ بیٹا سبحان لاپتہ ہوگیا تھا جس کی گزشتہ رات گھر کے قریب کھیت سے ہاتھ پائوں بندھی اور منہ میں کپڑا ٹھونسے نعش ملی جس کو مبینہ زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔ اس اندوہناک واقعہ سے اہل علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ معصوم بیٹے کی نعش دیکھ کر والدین پر غشی کے دورے پڑتے رہے۔ صدر پولیس نے نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے سول ہسپتال پہنچادیا مگر کئی گھنٹے تک پوسٹمارٹم نا ہونے پر ورثاء نے نعش مین جی ٹی روڈ سیالکوٹ گوجرانوالہ ڈسکہ روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا جس سے ٹریفک 4گھنٹے تک جام رہی جس سے مسافروں اور طلباء کو دشواری اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ورثاء نے اعلیٰ حکام سے ملزمان کی جلد گرفتاری اور زیادتی کی دفعہ شامل کرنے کیلئے مطالبہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) مستنصر فیروز اعوان سے رپورٹ طلب کرلی جنہوں نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔