شہزادہ ولیم، شہزادی کیٹ میڈلٹن پاکستان پہنچ گئے، ریڈ کارپٹ استقبال

اسلام آباد/سٹاف رپورٹر/ برطانیہ کا شاہی جوڑا، پیر کی شب خصوصی طیارے کے ذریعہ نور خان ائر بیس، اسلام آبا دپہنچ گیا جہاں انہیں، پرتپاک استقبال کے بعد پورے آداب شاہی کے ساتھ ان کی رہائشگاہ پہنچایا گیا۔ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن اسلام آباد پہنچے تو ائر بیس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر بھی ائیربیس پر موجود تھے۔ شاہی جوڑے کی راہ میں سرخ قالین بچھائے بچھائے گئے، اطراف کو خوب سجایا گیا۔ بچوں نے مہمان شاہی جوڑے کو گلدستے پیش کئے۔ پاکستان میں چار روزہ قیام کے دوران برطانوی شاہی جوڑا آج صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرے گا۔ دورہ پاکستان کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن آج ہی وہ ایک اسکول کا بھی دورہ کریں گے اور اسی دن ایک فلاحی پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن 16 اکتوبر کو لاہور جائیں گے جہاں وہ لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کریں گے اور ایک ایس او ایس ویلج کا بھی دورہ کریں گے، دورہ لاہور کے دوران شاہی مہمان نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیں گے۔ برطانوی شاہی مہمان 17 اکتوبر کو چترال جائیں گے جہاں ایک روز گزارنے کے بعد 18 اکتوبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے وہ وطن واپس روانہ ہوں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانوی شاہی مہمانوں کی آمد سے پاک برطانیہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ پیر کی شب نور خان ائر بیس پر شاہی جوڑے کا خیر مقدم کرنے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہی خاندان کا یہ وفد پاکستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے ساتھ پاکستان کی سیاسی قیادت سے ملاقات بھی کرے گا، برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کا یہ دورہ ء پاکستان، امن و امان کی بہتر صورتحال پر اعتماد کا اظہار ہے۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کی لاہور آمد پر سیکورٹی پلان مرتب کر لیا گیا۔ شاہی مہمانوں کی آمد پر لاہور پولیس کی پانچ ہزار سے ذائد پولیس اہلکار اور افسران سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق شاہی جوڑے کے ساتھ شاہی خاندان کی سیکورٹی کے شاہی گارڈز بھی لاہور آئیں گے۔ شاہی جوڑے کی سیکورٹی میں ایلیٹ فورس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی شامل ہونگے۔ برطانوی شاہی جوڑے کی سکیورٹی ٹیم کا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا۔ جہاں سی او او اکبر ناصر خان نے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ سکیورٹی ٹیم کوشہر کے مختلف روٹس اور اہم مقامات بارے بریفنگ دی گئی اور سیف سٹی سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کروایا گیا۔ شاہی جوڑے کی سیکورٹی ٹیم کا انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ معاون خصوصی براء اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ شاہی جوڑے کا دورہ پرامن اور محفوظ پاکستان کی دلیل ہے شاہی جوڑے کی آمد سے پاک برطانیہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کے موقع پر ملک کے اہم شہروں میں خصوصی رکشے چلائے جائیں گے جن پر برطانیہ اور پاکستان کے پرچم اور برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ کی تصاویر ہوں گی۔ یہ رکشے شہریوں کیلئے خصوصی توجہ کا مرکز ہیں۔

ای پیپر دی نیشن