ہانگ کانگ مظاہرے ، چین کو تقسیم کرنے کا انجام، چیتھڑے ، ہڈیاں ٹوٹنے کی شکل میں نکلے گا: شی جن پنگ

بیجنگ (بی بی سی) چینی صدر نے مخالفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کا انجام ’جسموں کے چیتھڑوں اور ہڈیوں کے چکنا چور ہونے کی صورت‘ میں نکلے گا۔ چین کے سرکاری ٹیلی ویژن سی سی ٹی وی کے مطابق شی جن پنگ نے یہ بیان نیپال کے سرکاری دورے کے دوران دیا۔ انہوں نے کسی خاص خطے کا ذکر نہیں کیا مگر ان کا یہ بیان ہانگ کانگ کو تنبیہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جہاں کئی ماہ سے بیجنگ مخالف مظاہرے جاری ہیں۔ گزشتہ روز نکلنے والے پرامن جلوسوں کا خاتمہ بھی جھڑپوں پر ہوا اور بیجنگ نواز دکانوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو نقصان پہنچایا گیا۔ چینی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر شی نے کہا کہ ’جو بھی چین کے کسی بھی حصے کو توڑنے کی کوشش کرے گا اس کے جسم کے چیتھڑے اور ہڈیوں کا چورا بنا کر اسے فنا کر دیا جائے گا۔‘چینی عوام چین کو توڑنے کی خواہاں بیرونی قوتوں کو خود فریبی کا شکار سمجھتی ہیں۔‘چین کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ میں چار ماہ قبل شروع ہونے والے مظاہروں کو ’بیرونی قوتیں‘ ہوا دے رہی ہیں، اور وہ امریکا اور برطانیہ پر چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کا الزام لگاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن