اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر)ایونٹ کے دوسرے روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سدرن پنجاب نے ذیشان اشرف کی شاندار سنچری کی بدولت ناردرن کو 7 وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔200سے زائد اسٹرائیک ریٹ سے کھیلنے والے اوپنر ذیشان اشرف نے ناقابل شکست 127 رنز اسکور کیے۔ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔آلراؤنڈرنعمان علی نے 33 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور3چھکے شامل تھے۔ ناردرن کے اوپنرز ذیشان ملک اور عمیر خان نے بالترتیب35 اور 30 رنز اسکور کیے۔سدرن پنجاب کی جانب سے محمد عرفان جونیئر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں اوپنرذیشان اشرف کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سدرن پنجاب نے مقررہ ہدف 9 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ ذیشان اشرف نے 63 گیندوں پر 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔ مڈل آرڈربیٹسمین محمد محسن نے نے بھی ناقابل شکست 43 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ناردرن کے سلمان ارشاد، شہزاد اعظم اور نعمان علی نے 1،1 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سندھ کی جانب سے مڈل آرڈربیٹسمین محمد وقاص نے 47 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ اس سے قبل سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر عظیم گھمن کی نصف سنچری اور جلات خان کی جارحانہ اننگز کی بدولت بلوچستان نیمقررہ 20 اوورز میں 169رنز بنائے۔ عظیم گھمن نے 48 گیندوں 6 چوکوں کی مدد سے 58 رنز اسکور کیے۔آلراؤنڈر جلات خان نے 22 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔