مریدکے : آئل ٹینکر نے 4مزدور کچل ڈالے، 3جاں بحق

مریدکے، فیروزوالا، جھنگ (نامہ نگاران) مریدکے میں آئل ٹینکر نے 4 مزدور کچل ڈالے، 3 جاں بحق، ایک شدید زخمی ہوگیا۔ جھنگ میں ٹرالر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 طالب علم زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ تیسرے کی ہسپتال میں تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ پر تیزر فتار آئل ٹینکر نے چار محنت کشوں کو کچل ڈالا۔ ایک محنت کش سائیکل پر کچرے سے رزق تلاش کرنے جبکہ کینال پارک کے رہائشی تین مزدور شاہزیب، نذیر اور حافظ مزمل نماز فجر کے بعد روزگار کمانے کی غرض سے نکلے اور بس سٹاپ کی طرف جا رہے تھے کہ جی ٹی روڈ کنارے چلنے کے دوران پیچھے سے آنے والے تیزر فتار بے قابو آئل ٹینکر نے انہیں گاڑی اور دیوار کے درمیان ہی مسل ڈالا۔ جس کے نتیجے میں شاہزیب اور کچرا چننے والا محنت کش موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ حافظ مزمل ہسپتال پہنچ کر خالق حقیقی سے جا ملا۔ ندیم نذیر نامی زخمی نوجوان کو ریسکیو 1122 نے قریبی ہسپتال پہنچا دیا۔ تینوں افراد کے چہرے اور جسم مسخ ہوگئے۔ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس اور مقامی سماجی تنظیم کے رضاکاروں نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کے ٹکڑوں کو جی ٹی روڈ سے اٹھایا۔ آئل ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے آئل ٹینکر قبضہ میں لے کر تھانہ منتقل کر دیا۔ المناک حادثہ کے بعد شہر سوگ میں ڈوب گیا۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق شاہ زیب مقامی ہوٹل کے مالک کا بیٹا تھا جبکہ سائیکل سوار مزدور سڑک کے کنارے کھڑے تھے۔ دریں اثناء سٹی مریدکے پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔ جھنگ میں ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو طالب علم جاں بحق جبکہ تیسرا شدید زخمی ہوگیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جھنگ کے علاقہ ظفر نگر کے رہائشی ساتویں جماعت کے طالب علم 14 سالہ عمر حیات ، 13سالہ قمر شہزاد اور پانچویں جماعت کا طالب علم 11سالہ نور احمد موٹر سائیکل پر گورنمنٹ ہائی سکول مکھیانہ جا رہے تھے کہ راستے میں حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجہ میں عمر حیات اور نور محمد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ قمر شہزاد شدید زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن