جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ پاکستان حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں ہمیشہ ان کا ساتھ دے گا۔انہوں نے یہ بات منگل کی شام اسلام آباد میں سلامتی اور استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار کا اہتمام سینٹر فار ایرو سپیس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز نے کیا تھا۔جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کا بازار گرم کررکھا ہے جس کا مقصد ان کے آزادی کے حق سے انکار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ قابض حکام نے ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید کئے ہیں۔جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ موجودہ بھارتی حکومت ملک میں اقلیتوں کو دبانے کیلئے ہندو توا کے ایجنڈے پر عمل کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے نظرے پر عمل پیرا ہے جو ایک نفرت اور نسل پرستی پر یقین رکھتی ہے جسے نازی اور فسطائی ازم کے نفرت انگیز نظریات سے متاثر ہو کر قائم کیا گیا تھا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ عالمی سطح پر بدلتے ہوئے سماجی واقتصادی طریقہ کار ، تکنیکی انتشار، موسمیاتی تبدیلی ، آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور سیاسی استحکام اور عوامل ہیں جو معاشروں کے خدوخال کو تبدیل کررہے ہیں۔انہوں نے اقتصادی استحکام کو سیاسی استحکام اور سلامتی کیلئے ناگزیر قرار دیا ۔ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ پاکستان انسانی وسائل سے مالا مال ہے اور ہمیں ملک کی ترقی کیلئے انہیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔