بھارتی فوج کی جانب سے ضلع حویلی میں لائن آف کنٹرول کے علاقے نیزہ پیر پر بلااشتعال  فائرنگ،  ایک بچی سمیت تین افراد شہید اور تین زخمی

Oct 15, 2019 | 22:22

ویب ڈیسک

بھارتی فوج کی جانب سے ضلع حویلی میں لائن آف کنٹرول کے علاقے نیزہ پیر پر بلااشتعال  فائرنگ کی گئی جس سے  ایک بچی سمیت تین افراد شہید اور تین زخمی ہو گئے۔بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے حویلی کہوٹہ کے گاوں کیرنی موہری سے غلام محمد ولد لعل دین شہید عمر 54سال شہید،حیدر علی ولد محمد خلیل عمر 10سال شہید، مریم بی بی دختر غلام محمد عمر 12سال شہید جبکہ آمنہ بی بی زوجہ محمد طارق ساکنہ مندہار زخمی، سفینہ بی بی زوجہ محمد عارف مندھار زخمی اور نصیب جان زوجہ عبد السبحان موہری زخمی۔زخمیوں کو قریبی ہستپال منتقل کر دیا گیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کنٹرول لائن کے علاقے  حویلی کے سیکٹر نیزہ پیر پر  بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید وں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے افراد کی قربانیاں غیر معمولی ہیں۔انہوں نے شہید افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج سفاک فوج ہے جو نہتے شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے بہادر کشمیری بھارتی فوج کی فائرنگ سے قطعا مرعوب نہیں ہونگے۔انہوں نے کنٹرول لائن پر بسنے والے بہادر کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر آباد شہری پاک افواج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کیلئے برسرپیکار ہیں ، وہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے ڈرنے والے نہیں۔ بھارتی فوج ہماری پاک فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتی اس لیے وہ لائن آ ف کنٹرول پر معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔وزیر اعظم نے اس موقع پر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔علاوہ ازیں آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے ضلع حویلی کے سیکٹر نیزہ پیر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔وزیر اطلاعات نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی.

مزیدخبریں