المرکز اسلامی آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش جلد مکمل کی جائے: افتخار شالوانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ عائشہ منزل پر واقع المرکز اسلامی کے آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش کا کام جلد مکمل  کرنے کی ہدایت، المرکز اسلامی واقع سٹی لائبریری میں فوری طور پر 10 کمپیوٹرز اور انٹرنیٹ کنکشن فراہم کیا جائے گاتاکہ طلبہ و طالبات اس سہولت سے استفادہ کرسکیں، آڈیٹوریم کی تعمیر سے ضلع وسطی کی ایک بڑی آبادی کو ان کے اپنے علاقے میں ایسی سہولت میسر آئے گی جہاں وہ مختلف علمی ، مذہبی اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کرسکیں گے۔ کراچی کے پارکوں میں آرٹسٹ کارنر بنائے جائیں گے جہاں پر پینٹرز، خطاط اور مصور اپنے فن پارے تخلیق کریں گے اور اس کا آغاز سرسید پارک سے کیا جا رہا ہے جہاں اتوار کے روز یہ پروگرام منعقد ہوگا۔یہ بات انہوں نے المرکز اسلامی کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کہی، ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہٰ سلیم، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سید خورشید شاہ، ڈائریکٹر کلچر شمس مسعودی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ المرکز اسلامی میں معروف خطاط صادقین کے سورہ الرحمن کی آیات پر مشتمل سنگ مرمر پر بنائے ہوئے 41 تغرے نصب کئے گئے ہیں اور انہیں محفوظ بنایا گیا ہے، سٹی لائبریری میں معروف خطاط حضرات کے فن پاروں کی نمائش منعقد کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس جگہ کو شادی ہال اور سنیما ہال کے لئے استعمال کیا جا رہا تھااب دوبارہ اس عمارت کو اپنے اصل مقاصد کے لئے استعمال کے قابل بنایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس کا سیمینار ہال 750 سیٹوں پر مشتمل ہے اور آڈیٹوریم کا 80 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ کرسیوں اور ایئر کنڈیشن کی تنصیب کا کام جاری ہے۔

ای پیپر دی نیشن