اسلام آ باد(وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا نااہلی کیس میں الیکشن کمیشن کو رکن قومی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی سمیت تمام دستاویزات کی نقول فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو دہری شہریت چھپانے پر نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف اختیارکیا کہ فیصل واوڈا نیالیکشن کمیشن میں دہری شہریت سے متعلق جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا، انہوں نے 11 جون کوکاغذات نامزدگی جمع کرائے اور ریٹرننگ افسر نے 18جون کو کاغذات منظورکیے جب کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت ترک کرنے کی درخواست 22 جون کو جمع کرائی۔ درخواست گزار نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت فیصل واوڈا امریکی شہریت رکھتے تھے لیکن چھپایا، انہوں نے غیر قانونی طورپرپبلک آفس سنبھال رکھاہے، سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق دہری شہریت چھپانے پر فیصل واوڈا کو نااہل کیا جائے۔اس پر جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی ہے، مجھے معلوم ہیکہ اس کوکیسے ہینڈل کرناہے۔ بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کو فیصل واوڈاکے کا غذات نامزدگی سمیت تمام متعلقہ دستاویزات کی نقول فراہم کرنے کاحکم دیتے ہوئے سماعت 4 نومبر تک ملتوی کر دی۔