اسلا م آباد (خصوصی نمائندہ) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے پٹرولیم میں حکومتی ارکان نوکر شاہی کے رویہ کے خلاف پھٹ پڑے۔ اجلاس میں اپوزیشن ارکان سمیت حکومتی ارکان بھی اپنے حلقوں میں ترقیاتی کام نہ ہونے پرناگواری کا اظہار کیا۔ حکومتی ایم این اے نور عالم خان نے کہاکہ اس حکومت میں اللہ کے کرم سے میرا بھی کوئی کام نہیں ہو رہا ہے۔ تحریک انصاف کا ایم این اے ہوں میرا یہ حال کہ لوگ گالیاں دیتے ہیں۔ ہم کشتیاں جلا چکے ہیں اگلے الیکشن میں دیکھیں گے کیا کرنا ہے۔ خالد جاوید نے کہاکہ مجھے بتائیں میرے حلقے میں گیس کیوں نہیں آ رہی۔ ایم ڈی سوئی ناردرن کو فون کرتے ہیں وہ اٹھاتے ہی نہیں۔ طالب نکئی نے کہاکہ یہ تاثر درست نہیں کہ حکومتی ارکان کو فنڈز مل رہے ہیں جبکہ سیکرٹری پٹرولیم و دیگر حکام نے کمیٹی کو آ گاہ کیا کہ اس سال گیس کی طلب بڑھنے اور پائپ لائنز مسائل کے باعث شاٹ فال زیادہ ہو گا۔ مرتضی جاوید عباسی نے کہاکہ میرے علاقے میں صرف حکومتی ارکان کے کام ہو رہے ہیں۔ اپوزیشن والوں نے بھی اپنے ووٹرز کو جواب دینا ہوتا ہے، سوئی ناردرن گیس پائب لائنز لیمٹڈ کے حکام نے کہاکہ کمیٹی بتا دے کہ کونسا کام پہلے کرنا ہے کونسا بعد میں کرنا ہے۔ کمیٹی جو ہدایات دے گی ان پر عمل کریں گے۔ اجلاس کے دوران حکومتی ارکان بھی ترقیاتی کام نہ ہونے پر پھٹ پڑے۔ رکن کمیٹی طالب نکئی نے کہاکہ یہ تاثر درست نہیں کہ حکومتی ارکان کو فنڈز مل رہے ہیں، نور عالم خان نے کہا کہ اس حکومت میں اللہ کے کرم سے میرا بھی کوئی کام نہیں ہو رہا ہے۔
مجلس قائمہ برائے پٹرولیم میں حکومتی ارکان نوکر شاہی کے رویہ کیخلاف پھٹ پڑے
Oct 15, 2020