اسلام آباد (قاضی بلال ؍خصوصی نمائندہ) ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی مبینہ غیرملکی پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ختم، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی اجلاس26 اکتوبر کو دوبارہ طلب کر لیا۔ درخواست گزار فرخ حبیب اپنے وکیل رانا افضل کے ہمراہ سکروٹنی کمیٹی میں پیش ہوئے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے وکیل شہباز کھوسہ، ن لیگ کی جانب سے وکیل جہانگیر جدون سکروٹنی کمیٹی میں پیش ہوئے۔ سکروٹنی کمیٹی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے فنڈز سے متعلق جمع شواہد کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فرخ حبیب کی جانب سے فنڈز دستاویزات پر اعتراضات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سٹیٹ بنک کی جانب سے سلم لیگ ن او پیپلز پارٹی کے بنک اکانٹس سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی، سکروٹنی کمیٹی دونوں جماعتوں کے بنک اکائونٹس سے متعلق سٹیٹ بنک کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ فرخ حبیب کی الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سکروٹنی کمیٹی میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی فارن فنڈنگ کا اجلاس ہوا۔ متعدد بار فنڈنگ کی تفصیلات مانگنے پر بھی دونوں جماعتیں ریکارڈ جمع کرانے میں ناکام رہیں۔ وکیل پیپلز پارٹی شہباز کھوسہ نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایک دھیلے کی فارن فنڈنگ وصول نہیں کی۔