کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سدرن افریقہ ٹریڈ فیڈریشن کے بانی چیئرمین محمد رفیق میمن نے پہلا پاک افریقہ ٹریڈ اینڈ ایکسپو سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، ٹریڈ سینٹر کا افتتاح مارچ 2021 میں جوہانسبرگ،ساؤتھ افریقہ میں کیا جائے گا۔محمد رفیق میمن نے پاک افریقہ ٹریڈ اینڈ ایکسپو سینٹر کے اغراض و مقاصد اور مختلف مراحل میں تاجروں و مینوفیکچررز کیلئے دستیاب سہولیات کا تفصیلی پلان پیش کرتے ہوئے کہا کہ افریقی ریجن میں پاکستانی مصنوعات متعارف کرانے کیلئے جوہانسبرگ میں PSATF نے اپنی مدد آپ کے تحت PATEC کی بنیاد رکھی ہے جس سے پاکستان کی معیشت کو فروغ ملے گا اور پاکستان میں تیار شدہ مصنوعات پورے براعظم افریقہ میں بھرپور انداز میں متعارف کرائی جا سکیں گی، اس طرح یہ ٹریڈ سینٹر پاکستان اور افریقہ کے درمیان گلوبل چینجر کا کردار ادا کرے گا۔ ٹریڈ سینٹر کے مختلف فیز ہوں گے، پہلے فیز میں تمام پاکستانی پروڈکٹس کے ڈسپلے سینٹر اور کمپنیز و مصنوعات سے متعلق معلوماتی لٹریچر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی نیز کمپنیز کی میٹنگ اور پروڈکٹ مارکیٹنگ کا انتظام کیا جائے گا جبکہ دوسرے فیز میں دور حاضر کی اہم ترین ضرورت آن لائن سروسز کا آغاز ہو گا۔