راولپنڈی(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گندم اور کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ، درپیش مسائل کے حل اور آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کا اجلاس وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی ممبران واصف خورشید سیکرٹری زراعت پنجاب، ڈاکٹر آصف علی وائس چانسلر ایم این ایس یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر عابد محمود چیف ایگزیکٹیو پارب، شیخ معظم احمد چیف ایگزیکٹیو آفیسر سنیفا، نصیر اﷲ خان فاطمہ گروپ اور رابعہ سلطان پروگریسو گروور سمیت محمد رفیق اختر ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب و دیگر نے شرکت کی ۔وزیر زراعت نے واضح کیا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور کپاس کی نئی ٹیکنالوجی کو روشناس کرانے کے لیے سرکاری و نجی شعبہ کے اشتراک کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ نجی شعبہ کی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان تمام سفارشات کو حتمی شکل دینے کے بعد بہت جلد وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائیں گی اور ان پر عمل درآمد کے لیے وفاقی حکومت کو بھی آن بورڈ لیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔محکمہ زراعت حکومت پنجاب کے تحت صوبہ میں میکانائز ڈ فارمنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لیے متعدد منصوبو ں پر عمل درآمد جاری ہے ۔ کسان دوست پالیسیوں کے ذریعے اہم فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ اس موقع پر واصف خورشید سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ ہماری زرعی خود کفالت گندم کی پیداوار سے منسلک ہے جبکہ ٹیکسٹائل صنعت کا انحصار کپاس کی پیداوار پر ہے ۔ کپاس سے ملک کو زر مبادلہ حاصل ہوتا ہے اس لیے زرعی ترقی ، کاشتکاروں کی خوشحالی اور زرعی معیشت کے استحکام کے لیے گندم اور کپاس کی اوسط پیداوار میں اضافہ وقت کا تقاضا ہے ۔ اجلاس میں ڈاکٹر عابد محمود چیف ایگزیکٹیو پارب اور نجی شعبہ کے ماہرین شیخ معظم احمد چیف ایگزیکٹیو آفیسر سنیفا اورنصیر اﷲ خان فاطمہ گروپ نے پریزینٹیشنز دیں اور ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے حل تجویز کیے ۔