گستاخانہ مواد کی تشہیر کیس، ملزمان کے وکلاء کو ہائی کورٹ احکامات پیش کرنے کیلئے مزیدمہلت

اسلام آباد(نا مہ نگار)انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گستاخانہ مواد کی تشہیر کیس میں ملزمان کے وکلاء کو ہائی کورٹ احکامات پیش کرنے کیلئے مزیدمہلت دیدی۔بدھ کے روز سماعت کے دوران مدعی مقدمہ حافظ احتشام عدالت پیش ہوئے اس موقع پر ملزمان کے وکلاء نے سماعت20اکتوبر تک ملتوی کرنے کی استدعاکرتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل ہائیکورٹ کا فیصلہ آجانے کی توقع ہے جبکہ مدعی مقدمہ نے کہاکہ ہائیکورٹ نے6ہفتوں میں کیس کا فیصلہ کرنے کی ہدایات جاری کررکھی ہیں، ہائیکورٹ سے نئے احکامات آنے تک وہی فیصلہ برقرار رہے گا، استدعاہے کہ ہائیکورٹ کی جانب سے دی گئی مدت ختم ہونے سے قبل فیصلہ سنایاجائے، جس پر عدالت نے کہاکہ ہمارے لیے ہائیکورٹ کے احکامات کی بہت اہمیت ہے اور اس کے احکامات پر عمل درآمدکے پابندہیں، ملزم عبدالوحید کی درخواست پر تاحال کوئی فیصلہ جاری نہیں کیا جب ہائیکورٹ کا فیصلہ ہمیں ملے گا تو دیکھ لیں گے، ہائیکورٹ سے اس فیصلہ کیلئے دی گئی مدت20اکتوبر کو ختم ہورہی ہے۔ 16اکتوبر سے قبل ملزم کی درخواست پر ہائی کورٹ کا فیصلہ عدالت پیش نہ کیاگیا تو ہم مقدمے کی کاروائی کوآگے بڑھائیں گے عدالت نے سماعت16اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن