آذربائیجان اور روس کے وزرائے خارجہ کا ٹیلیفو نک رابطہ ، جنگ بارے تبادلہ خیال

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) آذربائیجان اور روس کے وزرائے خارجہ کے مابین گذشتہ روز آذربائیجان آرمینیا جنگ کے حوالے سے فون پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان میں آذر بائیجان کے سفارتخانہ کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیون براموہ اور روسی وزیر خارجہ سرجی لیوروف کے مابین فون پر بات ہوئی جس میں آذری وزیر خارجہ نے روسی ہم منصب کو بتایا کہ بدھ کی صبح آٹھ بجے آذربائیجان کے علاقہ کلبجار پر آرمینیا نے میزائلوں سے حملہ کیا، جوابی کارروائی میں آذربائیجان نے آرمینیا کے تین میزائل تباہ کر دیئے۔ آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے یہ کارروائی کی۔ موجودہ کشیدہ صورتحال کا ذمہ دار آرمینیا ہے۔ واضح رہے کہ روس نے آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان چند روز قبل ماسکو میں جنگ بندی کا سمجھوتہ کرایا تھا جو چوبیس گھنٹے سے بھی زیادہ قائم نہ رہا۔ 

ای پیپر دی نیشن