اسلام آباد ( وقائع نگارخصوصی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جشن عید میلاد النبیؐ کے مرکزی جلوس کے انتظامات کے سلسلہ میں مرکزی میلاد کمیٹی )رجسٹرڈ( اسلام آباد کی میلاد و سیرت کمیٹیوں کا مشترکہ انتخابی اجلاس ممتاز مذہبی اسکالر علامہ پیر عبید احمد ستی سجادہ نشین آستانیہ عالیہ نقشبندیہ عبیدیہ، اسلام آباد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر پیر سید محمد علی واسطی کو آٹھ رکنی مرکزی جلوس میلاد کمیٹی اسلام آباد کا چیئرمین اور پیر غلام ربانی اختر القادری کو متفقہ طور پر جنرل سیکرٹری چن لیا گیا، علامہ پیر عبید احمد ستی نے کہا کہ اس سال جشن عید میلاد النبیؐ کو تحفظ ختم نبوت کے طور پر منایا جائے گا۔اسلام آباد کی تمام مساجد میں ختم نبوت کی محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ کچھ بیرونی طاقتیں پاکستان کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیل کر غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں۔ پاکستان میں بسنے والے ہر مسلمان کواس پر کڑی نگاہ رکھنی چاہئیے۔ پاکستان تمام مکاتب فکر کی مشترکہ کوششوں سے معرضِ وجود میں آیا تھا جب علماء اور مشائخ قائداعظم محمد جناح کی قیادت میں جمع ہو گئے تو پاکستان بن گیا۔ اب بھی پاکستان میں رہنے والے تمام مکاتبِ فکر کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ملک میں اتحاد، اتفاق، محبت، بھائی چارے اور اَمن کو فروغ دینے کے لیے اپنی بساط کے مطابق کوششیں جاری رکھیں۔