ن لیگی قیادت کی کارکنوں کو گوجرانوالہ پہنچنے کی ہدایت 

Oct 15, 2020

ملتان (رپورٹ محمد نوید شاہ سے) مسلم لیگ ن کی جانب سے پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ کے جلسہ کو کامیاب بنانے کے لئے کارکنوں کو گوجرانوالہ  پہنچنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب سے کارکنوں نے گوجرانوالہ جانے کی تیاریاں کر لی ہیں۔ ذ رائع نے بتایا ہے کہ ممکنہ گرفتاریوں اور رکاوٹوں سے بچنے کے لئے لیگی کارکن قافلوں کی بجائے ٹولیوں کی شکل میں بسوں‘ ویگنوں‘ ٹرینوں اور پرائیویٹ کاروں کے ذریعے گوجرانوالہ پہنچیں گے۔ ملتان سے ضلعی اور سٹی جبکہ ڈویژنل سطح پر کارکنوں کو الگ الگ بھیجے جانے اور وہاں 2روز رہائش پذیر ہونے کا بھی انتظام شروع کر دیا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں جلسہ کو کامیاب بنانے کے لئے ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب سے مقامی قیادت کو گوجرانوالہ پہنچنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں اسی طرح ڈویژن جنرل سیکرٹری شیخ طارق رشید نے بھی مختلف لیگی کارکنوں کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔ اس دوران لودھراں‘ وہاڑی‘ خانیوال اور ملتان سمیت جلالپور اور شجاع آباد سے کارکنوں کو گوجرانوالہ پہنچنے کا کہا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ کارکنوں جو کہ بسوں کے ذریعے فیصل آباد یا لاہور جانے کے بعد دیگر مقامی سروس کے استعمال کے ذریعے گوجرانوالہ پہنچنے کی حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ کارکن گزشتہ رز ہی لاہور‘ فیصل آباد اور گوجرانوالہ روانہ ہو گئے جبکہ کچھ آج روانہ ہو جائیں گے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پہلے پہنچنے والے کارکنوں کو رہائش بھی لیگی قیادت کی جانب سے فراہم کی جائے۔ 

مزیدخبریں