تھائی لینڈ میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آنے کے بعد حکام نے حساس نوعیت کی خبریں شائع کرنے اور نقل و حمل پر بندشیں عائد کرنے کے ساتھ ہی پولیس اور فوج کو اضافی اختیارات دینے کا فرمان جاری کردیا ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے وزیر اعظم پرایوتھ چن اوچھا نے جمعرات کو ایسے امتناعی احکامات پر دستخط کردئیے جس کے تحت پانچ سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کردی گئی اور عوامی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی جزوی بندشیں عائد کر دی گئیں۔ اس فرمان میں”حساس نوعیت کی خبروں“کی اشاعت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ پولیس اور فوجیوں کو ہنگامی صورتحال سے بذات خود نمٹنے کا اختیار دیا گیا ہے۔اس سے قبل دارالحکومت بینکا ک میں حکومت مخالف زبردست مظاہرے ہوئے جس کے بعد وزیراعظم پرایوتھ نے ”جارحیت ریاستی استحکام کو متاثر کر رہی ہے“کا حوالہ دیتے ہوئے یہ نیا فرمان جاری کیا ۔ ان کا کہنا تھاکہ س صورت حال کو موثر طریقے سے ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنا بہت ضروری ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔ابھی یہ واضح نہیں کہ ہنگامی صورت حال کے پیش نظر جاری ہونے والا یہ فرمان کتنے دنوں تک نافذ رہیگا۔