حکمت عملی کامیاب رہی، بد عنوان عناصر سے 539 ارب ریکور ، چیئر مین نیب

اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے۔ جس کے باعث نیب نے بدعنوان عناصر سے539 ارب روپے ریکور کئے ہیں۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹر میں نیب کی مجموعی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نیب نے مختلف احتساب عدالتوں میں 3 ہزار 760بدعنوانی کے ریفرنس دائر کئے ہیں جن میں سے2482 ریفرنسز کے فیصلے احتساب عدالتوں نے سنائے ہیں۔ اس وقت مختلف احتساب عدالتوں میں 1278 ریفرنسز زیر سماعت ہیں جن کی مالیت 1335.019 ارب روپے بنتی ہے۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ نیب سارک ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، نیب کو سارک اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین منتخب کیا گیا، نیب بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کی نگرانی کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، نیب نے نوجوانوں کو اوائل عمری میں بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ نیب نے مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں میں کردار سازی کی 50ہزار سے زائد انجمنیں قائم کی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن