وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ ، ڈینگی وارڈ کا معائنہ

اسلام آباد، راولپنڈی(نامہ نگار،جنرل رپورٹر) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیااس دوران انہوں نے ڈینگی وارڈ کا معائنہ کیا اور وارڈ میں داخل مریضوں سے حال احوال دریافت کی، اس موقع پر وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کو ڈینگی کے مریضوں سے متعلق بریفنگ دی گئی،ہولی فیملی ہسپتال کی جانب سے کئے گئے انتظامات سے متعلق آگاہ کیا گیا، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد عمراور ایم ایس ہولی فیملی ہسپتال ڈاکٹر شازیہ زیب بھی موجود تھے، ڈاکٹرمحمد عمر  نے وزیر داخلہ کو ڈینگی مرض سے متعلق بریفنگ دی،وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے ہسپتال انتظامیہ کو ڈینگی کے مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی کہ ڈینگی کے مرض سے بچنے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائی جائے ،کورونا جیسے موذی مرض کا مقابلہ کرسکتے ہیں تو ڈینگی پر قابو کیوں نہیں پایا جا سکتا،ڈینگی مرض پیدا کرنے والے عوامل کو ختم کرنے کی ضرورت ہے،ضلعی انتظامیہ اور صحت کے اداروں سے مل کر لائحہ عمل ترتیب دیا جائے،ڈاکٹر عمرنے بتایا کہ ہولی فیملی اسپتال میں 87 ڈینگی کے مریض داخل ہیں جس میں 7 بچے بھی شامل ہیں ہسپتال میں ڈینگی مرض کے علاج کے لیے تمام تر سہولیات موجود ہیں۔

ای پیپر دی نیشن