اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ نیول چیف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ چاق و چوبند دستے نے مہمان سلامی پیش کی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز میں پرنسپل سٹاف افسروں سے تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں، میجر جنرل محمد باقِری نے چیف آف دی نیول سٹاف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جہاں دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ اور خطے کی موجودہ بحری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں بحری افواج کے مابین تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی۔ تربیت، دوروں اور دفاعی تعاون کے میدان میں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں بحری سکیورٹی اور توازن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ معزز مہمان نے خطے کی مشترکہ بحری سکیورٹی کیلئے پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہا۔
ایرانی کمانڈر باقری کی نیول چیف سے ملاقات‘ دفاعی تعاون کے فروغ پر اظہار آمادگی
Oct 15, 2021