جلال آباد (نوائے وقت رپورٹ+ شنہوا) افغانستان کے شہر اسد آباد میں بم دھماکے کے نتیجے میں ضلعی پولیس چیف ہلاک اور 11 افراد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبے کنڑ کے شہر اسدآباد میں ضلع شیگل میں تعینات طالبان پولیس چیف عبداللہ کی گاڑی کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ طالبان حکام کی جانب سے صوبے کنڑ میں بم دھماکے کی تصدیق کی گئی تاہم ابھی تک واقعہ کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل افغانستان میں ہونے والے متعدد بم دھماکوں میں داعش خراساں ملوث رہی ہے۔ زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون اور دو بچوں سمیت سات عام شہری اور چار طالبان ارکان شامل ہیں۔ افغان صوبے غور میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے سابق سینیٹر اور اسکے بھتیجے کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے