قومی اسمبلی: ڈاکٹر قدیر کو خراج عقیدت پیش کر نیکی متفقہ قرار داد منظور

Oct 15, 2021

اسلام  آباد (خبرنگار) قومی اسمبلی میں محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان مرحوم ڈاکٹر عبد القدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قرارداد پیش کی گئی، یہ قرارداد وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسن پاکستان تھے۔ قومی اسمبلی کا ایوان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سلام پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان سمجھتا ہے کہ عبد القدیر خان نے پاکستان اور عالم اسلام کے  دفاع کو مضبوط کیا۔ یہ ایوان ڈاکٹر صاحب کی خدمات کو سرکاری نصاب میں شامل کرنے کی سفارش کرتا ہے۔ یہ ایوان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔ قرارداد کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات قومی نقصان ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے نامساعد حالات میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کترے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان محسن پاکستان تھے۔ قائداعظمؒ نے ملک بنا کر دیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر نے کہا کہ کوئی شک نہیں ڈاکٹرعبدالقدیر پاکستان کے محسن تھے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ڈاکٹر قدیر کی رحلت قومی و ملی نقصان ہے۔ انہوں نے نامساجد حالات میں بڑا کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر قدیر نے نجی زندگی میں وہ قربانیاں دیں جو ناقابل فراموش ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پرویز ملک اگرچہ  مسلم لیگ ن کے ایم این اے تھے مگر وہ انتہائی ملنسار تھے۔ عمر شریف بھی پاکستان کے لیجنڈ تھے۔ ان کی  خدمات کو بھی ایوان سراہتا ہے۔ ڈاکٹر قدیر‘ پرویز ملک اور عمر شریف کیلئے دعائے مغفرت  مولانا عبدالاکبر چترالی نے کرائی۔ رہنما مسلم لیگ ن خواجہ آصف نے قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر نے زندگی کا زیادہ حصہ نظر بندی میں گزارا ۔نواب یوسف تالپور،مولانا عبدالکبر چیترالی نے پشاور سے اسلام آباد موٹر وے کا نام ڈاکٹر قدیر خان کے نام سے منسوب کیا جانا چاہیے۔ اجلاس میں رکن اسمبلی پرویز ملک کی نشت پرگلدستہ رکھا گیا، وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ پاکستان پر بڑی بھاری گزارا ہے پرویز ملک بہت اعلی شخصیت کے مالک تھے ان کے بیٹے اور بیگم ہمارے ساتھ ایم این اے ہیں، عمر شریف ایک بڑے لیجنڈ تھے، دعا کرتے ہیں کہ ان تینوں شخصیات کو کے درجات بلند فرمائے آمین، وفاقی وزیر برائے خارجہ شاہ محمود قریشی، راجہ پرویز اشرف، رکن اسمبلی نوید قمر، خالد مگسی، ایم کیو ایم کے رہنما اقبال محمد علی، آغا حسن بلوچ ، رکن اسمبلی امجد علی خان، رانا تنویر،  عامر ڈوگر، خواجہ سعد رفیق ، ثنا اللہ مستی خیل، رکن اسمبلی مصطفی شاہ، ریاض فتیانہ،نصراللہ دریشک ،ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ ، محسن داوڑ، عظمی ریاض،ڈاکٹر نثار چیمہ و دیگر نے ڈاکٹر قدیر خان،رکن اسمبلی پرویز ملک اور عمر شریف کے انتقال پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی کہ اللہ پاک ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے آمین قومی اسمبلی کا اجلاس آج بروز جمعہ دن گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

مزیدخبریں