لاہور (سٹی رپورٹر) ڈینگی کے شہریوں پر حملے جاری ہیں۔ جس کے باعث بڑی تعداد میں شہری متاثر ہو کر ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی سے مزید8 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ ڈینگی سے مرنے والوں کی ٹوٹل تعداد 20 ہوگئی۔ جن میں چار ہلاکتیں پرائمری اور 4 سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں ہوئی ہیں۔ جبکہ دوسری طرف محکمہ سپیشلائزڈ نے ہسپتالوں میں ڈینگی کے بستروں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ لاہور میں ڈینگی کے مجموعی بیڈز کی تعداد 1375 ہوگئی۔ میو ہسپتال میں ڈینگی کے 40 بستروں کا اضافہ کر دیا گیا۔ مناواں، کاہنہ نو، سبزہ زار انڈس، رائیونڈ ہسپتال، سوشل سکیورٹی کے تینوں ہسپتال اور کوٹ لکھپت ہسپتال میں 25،25 بستروں کا اضافہ کر دیا گیا۔ ڈینگی فوکل پرسن پروفیسر اسد اسلم کے مطابق لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے خالی بستر دستیاب ہیں۔
ڈینگی پھیلاؤ میں اضافہ، 8 مزید ہلاکتیں‘ تعداد 20 ہو گئی
Oct 15, 2021