لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کے ڈپٹی کمشنرز، کمشنرز اور صوبائی سیکرٹریوں کی تقرریوں کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 اکتوبر کو جواب طلب کر لیا۔ مسٹر جسٹس طارق سلیم نے شہری تنویر سرور کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں کہا گیا کہ پنجاب بھر میں گزشتہ دو ماہ کے دوران تعینات ہونیوالے 22 ڈپٹی کمشنرز، کمشنر اور صوبائی سیکرٹریوں کی تعیناتیاں کی گئیں۔ 25 اگست سے 2 اکتوبر تک 22 اہم عہدوں پر جونیئر افسروں کو او پی ایس بنیادوں پر تعینات کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے او پی ایس بنیادوں پر تقرریان اور ٹرانسفرز غیر قانونی قرار دے رکھی ہیں۔ لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ ان افسران کی تعیناتیوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں عہدوں سے ہٹایا جائے۔