لاہور (خصوصی نامہ نگار) جامع مسجد غوثیہ برج روڈ لندن کے زیراہتمام 41واں سالانہ عید میلاد النبیؐ کا جلوس نکالا گیا ۔قیادت سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کی۔ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا جامع مسجد غوثیہ پر اختتام پذیر ہوا۔ استقبال کیلئے مختلف اشیاء کے سٹالز لگائے گئے تھے۔والتھم سٹو کی جامع مسجد غوثیہ لی برج روڈ کے زیراہتمام 41واں سالانہ جلوس میلاد النبیؐ نکالا گیا۔ جس میں برطانیہ بھر سے عاشقان رسول نے جوق در جوق شرکت کی۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ مولانا محمدصادق ضیائی‘ سید رشید حسین شاہ جماعتی، مولانا محمود الحسن، علی محمد قادری سمیت برطانیہ بھر سے مشائخ عظام اور علمائے کرام نے اس فقید المثال جلوس میں شرکت کی۔نعت خواں بشیر حسین شاہ اور صاحبزادہ سید نعمان حسین شاہ جماعتی سمیت دیگر ثناء خوانوں نے خوبصورت کلام سے شرکائے جلوس کے دلوں کو منور کیا۔ فضا نعرہ تکبیر و رسالت کے نعروں سے گونجتی رہی۔اختتام پر میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا جس کی صدارت سید منور حسین شاہ جماعتی نے کی۔ کانفرنس کے شرکاء سے خطابات کرتے ہوئے علماء کرام نے سیرت نبویؐ کے روشن پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ معاشرے کو امن و محبت کا گہوارہ بنانے کیلئے میلاد رسول کو منانا اور سیرت رسول کو اپنانا ہوگا۔آپؐ کی تشریف آوری سے جہالت کے اندھیرے چھٹ گئے اور دین حق کی روشنی ہر طرف پھیل گئی۔ بعدازاں شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔