حکومت سکل سیکٹر کو بہترکرنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے ، شفقت محمود 

Oct 15, 2021

اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے 'پرائم منسٹرسکل فار آل پروگرام' اپنی نوعیت کا ایک منفردپروگرام ہے،حکومت ملک کے سکل سیکٹر کو بہترکرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے جس سے نوجوانوں کوروزگار کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو  نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے دورے کے موقع پر کہی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور ِنوجوان ، محمدعثمان ڈاربھی وزیرتعلیم کے ہمراہ تھے۔  نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے چیئرمین سید جاوید حسن اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ساجد بلوچ نے وفاقی وزیر کو وزیراعظم عمران خان کے سکل فار آل پروگرام پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا ۔ وزیرتعلیم کو بتایا گیا کہ نیو ٹیک سے تربیت یافتہ نوجوانوں میں روزگار کی شرح 70فیصد سے زائد ہے ، جسے وزیرتعلیم نے بہت سراہا۔ نیو ٹیک نے 36،369 نوجوانوں کو  ہائی ٹیک ٹریڈز جیسے ویب اور کلاڈ کمپیوٹنگ ، گرافکس میں تربیت دی اور روایتی ٹریڈز میں 41،136 اور مجموعی طور پر 379 350کو نیو ٹیک نے ہنر مند بنایا ۔ اس کے علاوہ 18000 سے زائد نوجوانوں کو ریکارگنیشن آف پریئر لرننگ (RPL) کے ذریعے سرٹیفائی کیا۔وفاقی وزیر تعلیم  نے سکل فار آل پروگرام  کے تحت بالخصوص نیشنل ایمپلائمنٹ ایکسچینج ٹول (NEXT)، نیشنل ایکریڈیشن کونسل کے قیام ، میٹرک ٹیک پروگرام ، انٹر نیشنل ایکر یڈٹیشن کے حوالے سے پیش رفت اور کامیابیوں کے لیے نیو ٹیک کی کاوشوں  کو سراہااور اہداف کے نفاذ اور حصول میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور ِنوجوان ، محمد عثمان ڈار نے کہاکہ وزیر اعظم کا سکل فار آل پروگرام نوجوانوں کو ملکی اور بین الاقوامی کی سطح پر ملازمتوں کے حصول کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔چیئرمین نیو ٹیک سید جاوید حسن نے کہا ، "ہم اپنے نوجوانوں کو معیاری ہنرفراہم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں جو کہ ہماریٹیوٹ گریجویٹس کو  روزگار کی ضمانت دینے کا عین جزو ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت نیو ٹیک کو مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے ہرممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

مزیدخبریں