قومی اسمبلی میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش کرنے کی متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی۔ جمعرات کو ہو نے والا اجلاس اس بات کا عکاس تھا کہ ملکی دفاع پر ہر دور میں قومی رہنمائوں نے یکجہتی کو برقرار رکھا اور پاکستان کے دفاع سمیت اہم قومی امور پر پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہے۔ لیگی ارکان نے ایٹمی سائنسدان سے روا رکھے گئے سلوک پر پوری قوم کی طرف سے معافی مانگ لی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر سے بیس سال جو ہوا اس پر قوم ان سے معافی کی درخواستگار ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی خدمات کا اعتراف کریں، بیرونی دبائو اور سیاسی مصلحتوں پر ملک کی خدمت کرنے والوں کو معتوب نہیں کیا جانا چاہیے تھا، قدیر خان سے کی گئی بدسلوکی ہماری تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ ارکان نے اپنی تقاریر میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ساتھ سابق صدر پرویز مشرف دور میں ہو نے والی زیادتیوں کا بھی ذکر کیا،ارکان نے کہا جب ہم اپنی قوم کے لیے کام کرنے والوں کو رسوا کرتے ہیں تو پھر آنے والی نسل میں مایوسی آتی ہے لہذا نئی نسل میں جذبہ پیدا کرنے کے لیے ڈاکٹر عبدالقدیر کی قومی خدمات کی ملی خدمات کے اعتراف میں ایسے اقدامات کیے جانے چاہئیں جس سے پتا چلے کہ یقینی طور پاکستان کی ریاست ان کی مقروض اور احسان مند ہے۔
ڈائری
پشاور اسلام آباد موٹروے ڈاکٹر قدیر سے منسوب کرنے کی تجویز
Oct 15, 2021