لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹر ذیشان ملک کو اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل کردیا انہیں اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 4.7.1 کے تحت معطل کیا گیا۔پی سی بی کے مطابق ذیشان ملک کا تعلق ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کیساتھ ہے انہیں عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔ذیشان ملک تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔ اور انہوں نے سیمی فائنل میچ میں ناردرن کی جانب سے خیبرپی کے کیخلاف حصہ لیا تھا۔ انٹی کرپشن کوڈ آرٹیکل 4.7.1 کے تحت یہ کرکٹ بورڈ کا صوابدیدی اختیار ہے کہ کھیل کو نقصان پہنچائے جانے سے متعلق حالات غیر معمولی ہونے پر کسی شخص پر جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا جائے۔ آرٹیکل 4.7.1: (a) اگر پی سی بی اس اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت کسی شریک پر جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ یا (b) پی سی بی سمجھتا ہے کہ شرکاء سے متعلقہ دیگرحالات غیر معمولی ہیں ۔، تو یہ اس کا صوابدیدی اختیار ہو گا ، یا جہاں پی سی بی یہ سمجھتا ہے کہ کھیل کی سالمیت کو دوسری صورت میں سنجیدگی سے نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔شرکاء کو عارضی طور پر معطل کرنے کا کوئی بھی فیصلہ شرکاء کو تحریری طور پر بھیجا جائے گا ، جس کی ایک کاپی اسی وقت آئی سی سی اور نیشنل فیڈریشن کو بھی بھیجی جائے گی۔چونکہ اس معاملے پر تحقیقات جاری ہیں، لہٰذا پی سی بی اس حوالے سے مزید کوئی بھی تبصرہ نہیں کرے گا۔
پی سی بی نے کرکٹر ذیشان ملک کو اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل کردیا
Oct 15, 2021