اسلام آباد + لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کے آٹھ اور پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے رینجرز‘ ایف سی اور پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ 16 اکتوبرکے انتخابات کیلئے انتخابی مہم جمعہ کی رات بارہ بجے ختم ہوئی۔ انتخابی عمل شفاف‘ پرامن اور قانون کے مطابق منعقد کرانے کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ پولیس پریذائیڈنگ افسر کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔ پنجاب پولیس نے صوبے کے 6 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔ 16 اکتوبر کو فیصل آباد، ننکانہ، ملتان میں قومی اسمبلی جبکہ شیخوپورہ، خانیوال اور بہاولنگر کے صوبائی حلقوں میںضمنی انتخابات ہوں گے۔ اس موقع پر 1434 پولنگ سٹیشنز پر مجموعی طور پر 23 ہزار پولیس اہلکار وافسران سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔ ہر حلقے میں ایمر جنسی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے اینٹی رائٹ فورس کے اہلکار بھی موجود رہیں گے جبکہ الیکشن سامان اور بیلٹ باکسز کی بحفاظت ترسیل کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ 7 قومی نشستوں پر عمران خان امیدوار ہیں جبکہ ا ین اے 157 ملتان میں شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی اور یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی میں مقابلہ ہے۔ این اے 118 ننکانہ صاحب میں عمران خان، مسلم لیگ ن کی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خاں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے سید افضال حسین شاہ بھی دوڑ میں شامل ہیں۔ الیکشن کمشن نے سکیورٹی کیلئے وزارت داخلہ کے خط کا جواب دیدیا۔ سیکرٹری الیکشن کمشن عمر حمید نے سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری داخلہ کو جوابی خط لکھا ہے۔ الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ ایجنسیز کی سورس رپورٹ کی روشنی میں سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔