کراچی(نیوز رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی۔ گورنر سندھ نے مزار پر فاتحہ پڑھی پھول رکھے اور ملک و صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔ اس موقع پر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل کے سربراہ مولانا بشیر فارقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ صوفیا اور اولیائے کرام کی سرزمین ہے کیونکہ اس خطہ میں ان کے عمل و کردار کے باعث اسلام پھیلا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازی اولیائے کرام میں نمایاں مقام رکھتے ہیں اور وہ گذ شتہ 25سال سے اس درگاہ پر حاضری دے رہے ہیں کیونکہ انہیں یہاں آکر دلی سکون ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے بلدیاتی قانون پر متحدہ اور پیپلز پارٹی میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور عوام کو اس ضمن میں جلد خوشخبری ملے گی۔ ٹریفک اور زائرین کو روکے جانے کے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی کو اپنے لئے ٹریفک روکنے کو نہیں کہا،گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اگر میری وجہ سے کسی کو مزار پر داخلہ سے روکا گیا ہے تو اس کی انکوائری کرائوں گا۔ گورنر سندھ نے مولانا بشیر فاروقی کی حضرت عبداللہ شاہ غازی یونیورسٹی کے قیام کی تجویز پر کہا کہ وہ اس سلسلہ میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے بات کریں گے۔