بریک ڈاؤن، سسٹم بحال نہ ہو سکا آدھے ملک میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری 


لاہور؍ تربیلا (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) ملک میں بڑے بریک ڈاؤن کی وجہ سے کئی علاقے تاحال بجلی سے محروم ہیں، نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث آدھا ملک متاثر ہوا ہے، سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر شہروں کو بجلی کی سپلائی معطل ہے۔ لاہور میں 1100 میگاواٹ کے شارٹ فال کے باعث ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی جبری لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا، ملک بھر میں بجلی بحران کو 24 گھنٹے سے زیادہ وقت گزر گیا بجلی سپلائی معمول پر نہ آئی، گدو تھرمل پلانٹ سے 500 کے وی ٹرانسمشن لائن میں خرابی دور نہ ہوئی، لیسکو کو 12 سے 15 سو میگا واٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔ لاہور شہر بھر میں جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، اکثر علاقوں میں بجلی بندش کا دورانیہ مسلسل دو سے تین گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ پاور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق ترسیل کا نظام مکمل بحال ہو گیا، متبادل پیداواری یونٹس سے رسد میں اضافہ کیا جارہا ہے، جلد صورتحال معمول پر آجائے گی۔ ادھر تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج میں کمی سے تربیلا بجلی گھر کے 11 پیداواری یونٹ بند ہو گئے بجلی کی پیداوار میں مزید کمی آ گئی بجلی کی پیداوار 420 میگا واٹ رہ گئی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن