سائفر پرانی بات ، تمام اہم ممالک کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں : دفتر خارجہ 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ)  ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کے لئے تاحال 200 ملین ڈالر کی یقین دہانیاں مل چکی ہیں جبکہ سیلاب متاثرین کے لیے 90 ملین ڈالر خزانے میں وصول ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان میں سیکا سربراہ اجلاس میں شرکت کی۔ سربراہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بھی اجاگر کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیکا سربراہ اجلاس کے دوران آذربائیجان، قازقستان، بیلاروس، فلسطینی، تاجکستان کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے قرارداد منظور کی ہے۔ سیلاب زدگان کے لئے تاحال 200  ملین ڈالر کی یقین دہانیاں مل چکی ہیں جبکہ سیلاب متاثرین کے لیے 90 ملین ڈالر خزانے میں وصول ہوچکے ہیں۔ حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد عالمی برادری پاکستان کی مدد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ پاکستان نے حریت رہنما الطاف حسین شاہ کی بھارتی حراست میں  شہادت پر شدید احتجاج کیا اور بھارتی ناظم الامو ر کو بھی وزارت خارجہ طلب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ جرمنی کے دوران جرمن وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا ہے۔ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر پر جرمن وزیر خارجہ کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ جبکہ پاکستان ہمیشہ عالمی اور علاقائی فورمز پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرتا رہے گا۔ جرمن وزیر خارجہ کا کشمیر سے متعلق بیان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر سات دہائیوں سے حل طلب ہے۔ پاکستان ہمیشہ مسئلے کے حل پر زور دیتا رہے گا۔ جبکہ بھارت درست طریقے سے جواب نہیں دے رہا ہے پاکستان میں سیکیورٹی حالات میں بہت بہتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی اور علاقائی امن کی بات کرتا رہا ہے۔ پاکستان مثبت انداز میں تمام ممالک کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ اسی حوالے سے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری ہونی چاہیے۔ سائفر سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سائفر کے معاملہ پر بہت جامع وضاحت دے چکے ہیں، اب آگے بڑھنے کا وقت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سائفر کا معاملہ پرانی بات ہو چکی ہے، اب دنیا کے تمام اہم ممالک کے ساتھ  مل کر آگے بڑھنے کا وقت ہے اور ہم تمام اہم ممالک کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزراء کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر وزارت خارجہ نوٹس لیتی ہے، امریکی حکام نے بھی وزیر خزانہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر نوٹس لیا ہے۔ سعودی عرب میں پیش آنے والے واقعات پر بھی سعودی حکام نے نوٹس لیکر ایکشن لیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...