کراچی(نیوز رپورٹر) بلدیہ وسطی کے زیرِاہتمام ملازمین کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے مراعات اور سہولیات کے اجرا کی خوشخبری ملازمین کو سنانے کے لئے ایک خصوصی تقریب گلبرگ زون میں واقع مرکزاسلامی فیڈرل بی ایریا میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین تھے۔ تقریب میں بلدیہ و سطی کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم
حسین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ضلع وسطی کی عوام کی زندگی میں خوشحالی اور ترقی لانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں بلدیہ وسطی کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے OZTفنڈ میں 15فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ بلدیہ وسطی کے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 15فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جو رواں ماہ تنخواہ میں شامل ہو جائیگا، دوسری جانب بلدیہ وسطی کے ملازمین کے لئے فیملی ہیلتھ کارڈ جاری کئے جارہے ہیں جس کے تحت پانچ افراد پر مشتمل فیملی سالانہ 6 لاکھ روپے تک کا علاج معالجہ کی سہولت کراچی کے 200 بڑے ہسپتالوں میں مفت حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ وسطی کے وسائل کی کمی کا سبب کرپشن ہے کرپٹ افراد بلدیاتی محصولات کی رقم و دیگر مالی معاملات میں خرد برد کرکے بلدیہ وسطی کی آمدنی کا بڑا حصہ اپنی جیبوں میں رکھتے ہیں، لیکن اب تمام شعبوں کو کمپیوٹرائزکرکے نہ صرف کرپشن کو روکا جاسکے گا بلکہ کرپٹ افراد کو بھی پکڑا جاسکے گا جبکہ بلدیہ وسطی میں موجود گھوسٹ اور کام چور ملازمین کو فارغ بھی کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے بلدیہ وسطی کے ریٹائرڈ اور متوفی ملازمین کے واجبات و بقایاجات کی ادائیگی میں تاخیر کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ اب اپنی زندگی بلدیہ وسطی کی خدمت میں گزار دینے والوں کو واجبات اور بقایاجات بلاتاخیر ادا کئے جائیں گے۔ قبل ازیں استقبالیہ تقریر میں ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی طحہ سلیم نے ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے ضلع وسطی کی عوام اور بلدیہ وسطی کے ملازمین کی بہتری اور بھلائی کے لئے کئے جانے والے مثبت اقدامات اور بھرپور تعاون پر انکا شکریہ اداکیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلدیہ وسطی کی انتظامیہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے معاملات کو اولین ترجیح دیتی ہے، تاہم انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران کرپشن کے خلاف اقدامات میں بلدیہ وسطی کے وسائل میں خاطرخواہ اضافہ ہوا جس کی وجہ سے بارشوں کی کے نتیجے میں تباہ ہونے والے انفرااسٹریکچر کو دوبارہ بحال کیا گیا جس پر اربوں روپے کے اخراجات آئے ہیں آئندہ اکانٹ اور ٹیکس ریکوری سسٹم مکمل طور پر کمپیوٹرائزکردیا جائیگا جس سے بلدیاتی محصول میں ہونے والی کرپشن ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر طحہ سلیم نے ڈاکٹر عاصم کو ایک سالہ کارکردگی کی کتابی شکل میں رپورٹ بھی پیش کی۔تقریب میں میونسپل کمشنر ضلع وسطی زاہد حسین رند،پاکستان پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے صدر استاد مسروراحسن،ڈائریکٹر ٹیکسیشن محترمہ فاطمہ صائمہ،ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ محترمہ شمعونہ صدف،ڈائریکٹر ایجوکیشن اختر رضا،ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف، ڈائریکٹر لائبریری سلیم صدیقی،ڈائریکٹر سینی ٹیشن و فوکل پرسن ظہیر احمد،پاکستان پیپلزپارٹی کے عہدیداران، معززین شہر، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سمیت بلدیہ وسطی کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر فیملی ہیلتھ کارڈ اور ریٹائرڈ ملازمین میں واجبات کے چیک تقیم کئے گئے۔
ڈاکٹر عاصم حسین