کراچی(نیوز رپورٹر)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے دیگر وزرا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے فرائض بہترین طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں صدر میںچینی دندان ساز کلینک پر فائرنگ کے ملزم کی گرفتاری تمام دہشت گردوں کے لیے پیغام ہے، دہشت گردوں کا مقصد ملک میں خوف کا ماحول پیدا کرنا ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل کراچی یونیورسٹی میں خودکش حملہ ہوا تھا، خودکش حملے کے دہشت گرد پکڑے گئے، چند دن پہلے داعش کے 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ امجد صابری کو قتل کرنے والے دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اورخفیہ اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے صدر میں کلینک پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کو گرفتارکرلیا، دہشت گرد کا تعلق کالعدم سندھ ریولیشنری آرمی سے ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گرفتار کیا گیا، گرفتاردہشت گرد کا نام وقار خشک ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران حملے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی اور سندھ پولیس شاباش کے مستحق ہیں۔
شرجیل میمن
صدر کلینک کے حملہ آور کی گرفتاری، تمام دہشت گردوں کےلیے پیغام،شرجیل میمن
Oct 15, 2022