لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے صوبے میں انتظامی لحاظ سے 5 نئے ضلع بنانے کا بڑا اعلان کردیا ہے۔ پرویز الٰہی نے عمران خان کی ہدایت پر تونسہ شریف، مری، وزیرآباد، تلہ گنگ اور کوٹ ادو کو نئے ضلع بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے عوام سے کئے گئے وعد ے پورے کر دیئے ہیں۔ میں نے 2005میں تونسہ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا تھا اور 2005 میں تونسہ کو ضلع بنانے کا اعلان ایم این اے خواجہ شیراز کے بہت بڑے جلسے میں کیا تھا جبکہ2018میں حافظ عمار یاسر کے بڑے جلسے میں تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب تونسہ اور تلہ گنگ کو ضلع بنانے کی منظوری بھی میں نے دی، جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔ پرویز الٰہی کی زیرصدارت اجلاس میں مونس الٰہی اور سابق وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے پنجاب میں نئے اضلاع پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نئے اضلاع بننے سے انتظامی امور میں بہتری آئے گی۔ تعلیم، صحت اور دیگر سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔ نئے اضلاع بنانے کا فیصلہ ارکان اسمبلی اور عوام کی سہولت کو مد نظر رکھ کر کیا ہے۔ ترقی کے ثمرات عوام کی دہلیز تک پہنچیں گے۔ نئے اضلاع کو مالی خود مختاری کی راہ پر گامز ن کیا جائے گا۔ محسن لغاری کے مطالبے پر جام پور کو ضلع بنانے پر بھی کام شروع کردیا ہے اور اگلے چند دنوں میں اس ضمن میں میٹنگ میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ تونسہ شریف، مری، وزیرآباد، تلہ گنگ اور کوٹ ادو کے ارکان اسمبلی نے اضلاع کی منظوری پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے تشکرکا اظہار کیا اور کہا کہ آپ کا یہ فیصلہ عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ آپ نے عوام کے دیرینہ مطالبے کو مختصر مدت میں پورا کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی نے پنجاب میں ریسکیو 1122 سروس کے 18 برس مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 کا ادارہ میرے دل کے بہت قریب ہے۔ ریسکیو 1122 دکھی انسانیت کو کسی بھی حال میں تنہا نہیں چھوڑتا۔ دلی خوشی ہے کہ ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس دکھی انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ میرے سابق دور کا لگایا ہوا پودا آج تن آور درخت بن چکا ہے۔ حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 کی کارکردگی مثالی رہی۔ ریسکیو 1122 کے افسران اور اہلکار فرض کی ادائیگی کے ساتھ ثواب بھی کما رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلی سے صوبائی وزیر مراد راس اور ہاشم ڈوگر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مری ، وزیر آباد ، تونسہ ، تلہ گنگ ، کوٹ ادو کو ضلع بنانے کی منظوری ، وعدے پورے کردیئے : پرویز الٰہی
Oct 15, 2022