معاشرے میں سدھار کیلئے اللہ کا قرب پانا ہوگا، مولانا عمران عطاری


کراچی (نیوز رپورٹر) دعوت اسلامی شعبہ تعلیم کے تحت سندھ یونیورسٹی جامشورومیں بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری نے درود پاک کی برکتیں اور سیرت مصطفی ﷺپر بیان کیا، اس موقع پر اراکین شوریٰ حاجی محمداطہر عطاری، حاجی محمد ایاز عطاری، یونیورسٹی کے وائس چانسلر ودیگر اساتذہ و شخصیات سمیت اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ نگران شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری نے اپنے بیان میں طلبا پر دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کے حصول پر بھی زور دیتے ہوئے انہیں نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ حصہ لینے کی ترغیب دی، انہوں نے کہا کہ اچھے ماحول کو پہچان کر اسے اختیار کرنے اور برے ماحول کو جان کر اس سے بچنے کی طرف ہماری توجہ نہیں ،ہمیں چاہئے کہ اچھے برے ماحول کی پہچان سے متعلق معلومات حاصل کریں اور ان معلومات کی روشنی میں خود کو برے ماحول سے بچائیں اور اچھے ماحول سے منسلک ہوں تاکہ اس کی برکتیں پاسکیں۔ نگران شوریٰ نے کہا کہ آج ہم تعلیم حاصل کرنے کے بعد روزگار سے وابستہ بھی ہوجائیں گے، عزت بھی پائیں گے ، شہرت بھی پائیں گے اور دولت بھی پائیں پھر اس دنیا سے رخصت ہوجائیں مگر یہ سوچیں کہ ہم نے اللہ کے دین کیلئے کیا کیا؟اپنے مصطفی کریم ﷺ کے دین کیلئے کیا کیا؟ اس رب کا شکر کیسے ادا کرینگے جس نے ہمیں مسلمان پیدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو اپنے اختیارات کے باعث لوگوں پر ظلم اور نا انصافیاں کرکے معاشرے میں بگاڑ کا سبب بن رہے ہیں وہ بھی ہمارے ہی درمیان سے ہوکر اس منصب تک پہنچے ہیں اگر اس بگاڑ کو ختم کرنا ہے تو ہمیں ان تک نیکی کا پیغام پہنچانا ہوگا اگر انہیں اللہ پاک کی سچی محبت نصیب ہوگئی ، دین اسلام کی چاشنی مل گئی تو پھر یہ لوگوں پر ظلم نہیں بلکہ مظلوموں کی مدد کرنے والے بن جائینگے۔مولانا محمد عمران عطاری نے کہا کہ ہمارے پیش نظر یہ ضرور ہونا چاہئے کہ اگر ہم کوشش کریں تو معاشرے میںمثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے، کیا ہم نہیں چاہتے کہ مرنے کے بعدہمارا جسم سلامت رہے، اس کیلئے ہمیں اللہ کا قرب پانا ہوگا اور اپنے رب کی عبادت اور نیکیاں کرنا ہوگی، اللہ ہمیں عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اجتماع کے اختتام پر یونیورسٹی وائس چانسلر نے نگران شوریٰ کو شیلڈ کا تحفہ پیش کیا جبکہ مولانا عمران عطاری نے بھی کتاب سیرت مصطفیﷺتحفے میں دی۔ آخر میں صلاة و سلام اور دعا کا سلسلہ ہوا۔
مولانا عمران عطاری

ای پیپر دی نیشن