کراچی(نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ کوٹہ سسٹم کی آڑ میں نوجوانوں کے ساتھ ناانصافیاں بند کی جائیں ۔ طویل عرصہ سے اقتدارسے چمٹی رہنے والی جماعتیں پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ (ن) ،تحریک انصاف اورایم کیو ایم اس اہم معاملے پر آواز اٹھانے سے قاصر ہیں۔ڈگریاں لئے نوجوانوں کی بڑی تعداد سرکاری اداروں کے دروازوں پر ٹھوکریں کھا رہی ہے اورباصلاحیت پڑھا لکھانوجوان طبقہ اپنی صلاحیتیں بیرون ممالک فروخت کرنے پر مجبور ہے ۔ نوجوانوں کواپنے حق کے لئے متحد ہونا ہوگا ۔حکمرانوں کی طرح سرکاری ادارے بھی حقداروں کا حق مارنے میں پیش پیش ہیں ۔ کراچی کے نوجوانوں کے لئے سرکاری اداروں میں ملازمتیں بند کرنے کا عمل خطرناک صورتحال کو جنم دے گا۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے باصلاحیت نوجوان طبقہ کو آگے لانا ہوگا ۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کسی کو بھی نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ اسمبلیوں کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں میں بھی پہلے سے ذیادہ سرجری کی ضرورت ہے تاکہ کرپشن اوربدعنوانی کا گند صاف کیا جاسکے اور کراچی کے نوجوانوں کا مستقبل تباہ ہونے سے بچایا جاسکے ۔ سرکاری اداروں میں کنٹریکٹ پرکام کرنے والے ملازمین طویل عرصہ سے کام کررہے ہیں ،انہیں مستقلی سے محروم کردیا گیا ہے ۔کسی سرکاری ادارے کوملازمین کا حق مارنے نہیں دیں گے ۔ وہ گذشتہ روز پاسبان ڈیموکریٹک کراچی سیکریٹریٹ میں بڑی تعداد میں آئے ہوئے کے ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین سہیل یعقوب ، پاسبان کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا اور پاسبان ہیلپ لائن کے ڈائریکٹر محمود خان تاجک بھی موجود تھے ۔ کے ڈی اے کنٹریکٹ ملازمین نے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور کی جانب سے ملازمین کو مستقلی کے لئے قانونی مدد کی فراہمی پرشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ کے ڈے اے کنٹریکٹ ملازمین کو 2019میں مستقلی کے احکامات جاری کئے گئے تھے جس پر اسکروٹنی کے لئے کمیٹی بنائی گئی تھی ۔اچانک کورونا کی وباءپھیلنے کے باعث یہ معاملہ تعطل کا شکار ہوا اور اس کے بعد کنٹریکٹ ملازمین کی فائلیں غائب ہونے کا عمل شروع ہوا۔ اب پاسبان کی جانب سے ملنے والی قانونی مدد کے نتیجے میں ایک مرتبہ پھر اس معاملے پر پیش رفت شروع ہوئی ہے۔کے ڈے اے کنٹریکٹ ملازمین نے کہا کہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی نے کنٹریکٹ سٹی وارڈنز کو مستقلی کے لئے قانونی مدد فراہم کی تھی جس پر سٹی وارڈنز کو مستقل کیا گیا ۔ کے ڈی اے کنٹریکٹ ملازمین نے سٹی وارڈنز سمیت دیگر محکموں کے ملازمین کے حقوق کی فراہمی کی کامیاب جدوجہد کو دیکھتے ہوئے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی سے رجوع کیا ہے۔ اس موقع پر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین پولیٹیکل افیئرز سہیل یعقوب نے کہا کہ مستقلی طویل عرصہ سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کا حق ہے۔ انہیں ان کے حق سے محروم نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی کنٹریکٹ ملازمین کے گھروں کے چولہے بجھنے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر کے ڈے اے کو اپنے سینئر کنٹریکٹ ملازمین کو مستقلی کے لئے خود اقدامات کرنے چاہئے تھے لیکن سفارش اورافسران کے چچا ماموﺅں کے بچوں کو محکموں میں بھرتیاں کرنے کا عمل اصل حقداروں کو ان کے حق سے محروم کرنے کا باعث بن رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے ڈی اے کنٹریکٹ ملازمین اپنے حق کے لئے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
الطاف شکور
کراچی کے نوجوانوں پر سرکاری ملازمتوں کے دروازے بند کرنا خطرناک ‘ پڑھا لکھا طبقہ اپنی صلاحیتیں بیرون ملک فروخت پر مجبور ہے
Oct 15, 2022