کوئٹہ‘ مستونگ( بیورو رپورٹ +نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دھماکا ہوا ہے جس کی زد میں آ کر تین افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ جن کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ لیویز کے مطابق دھماکے میں دو گاڑیوں کو ریموٹ کنٹرول سے نشانہ بنایا گیا، دھماکا اس وقت ہوا جب قبائلی افراد مقتول محمد عمران ولد عبدالحق کی لاش واپس لا رہے تھے جسے نامعلوم افراد نے ان کے ٹیوب ویل پر ہاتھ پاؤں باندھ کر تیزدھار آلے سے قتل کر دیا تھا۔ بم دھماکے سے تین افراد غوث بخش ولد ہمت خان،گہورخان ولد محمد اسماعیل، محمد رفیق ولد بابو سفرخان موقع ںبحق ہوگئے،جبکہ سات افراد عبدالباسط ولد مبارک خان ،عبدالحئی ولد مبارک خان، قادر خان، محمد رفیق ،حق نواز ولد شاہنواز بدوزئی اور دو دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دوسری طرف مشیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو نے مستونگ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کر لی۔ مشیر داخلہ نے دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کوبزدلانہ کارروائیوں سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہو سکتا، بلوچستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ کی ہر سازش کا ڈٹ کے مقابلہ کریں گے۔