حیدرآباد(بیورو رپورٹ)پاکستان سنی تحریک کے صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا خالد حسن عطاری اور ضلعی رہنماں سیدساجد علی کاظمی،محمد شفیق میہو،بچل بلوچ سلطانی اور عبدالشکور بھٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں حیدرآباد اور اس کے قرب وجوار کے علاقوں میں ڈینگی وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اموات پر اپنے سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ ڈاکٹر جمن باہوٹو اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآبادڈاکٹر لالا جعفر ڈینگی وائرس پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں جبکہ سول ہسپتال حیدرآباد میں بھی ڈینگی میں مبتلا مریضوں پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے اور نہ ہی مریضوں کو مطلوبہ ادویات فراہم کی جا رہی ہے۔ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود شہر میں جراثیم کش اور ملیریا اسپرے نہیں کرایا جا رہا ہے جبکہ ایک جانب ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت جاری کر رہے ہیں کہ وہ لوگوں کو ملیریا اور ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرکے لوگوں کو صحت مند ماحول فراہم کریں اور ساتھ ہی یہ عندیہ بھی دے رہے ہیں کہ لوگوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اورغفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی لیکن اس کے برعکس اطلاعات ہیں کہ ڈی جی ہیلتھ سندھ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے پاس ملیریا اسپرے کی دوائی تک موجود نہیں ہے اور ڈی جی ہیلتھ کی جانب سے یہ جواز پیش کیا جا رہاہے کہ سندھ گورنمنٹ کی طرف سے فنڈ نہیں ملا ہے۔حیدرآباد شہر اور لطیف آباد میں بارشوں کے بعد واسا انتظامیہ کی لاپرواہی کے سبب جگہ جگہ گندا پانی جمع ہے،جس کی وجہ سے مچھر،مکھی اور دیگر حثرات الارض کی افزائش میں روز بروز اضافہ ہو رہاہے جس کی وجہ سے شہر میں ملیریا بخار،اسہال اور جِلدی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں اور ابتک ڈینگی وائرس سے درجنوں اموات ہو چکی ہیں اور اگر ڈی جی ہیلتھ سندھ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے فوری طور پرڈینگی وائرس پر قابو پانے کے اقدامات نہیں کئے تو پھر انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔انہوں نے وزیر اعلی سندھ،صوبائی وزیر صحت،گورنر سندھ اور کمشنرحیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شہر میں جراثیم کش اور ملیریا اسپرے کرایا جائے اور شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے افسران کے خلاف کاروائی کرکے لوگوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے۔
سنی تحریک /اسپتال
سول اسپتال حیدر آباد مطلوبہ طبی امداد فراہم نہیں کررہا، سنی تحریک
Oct 15, 2022