ملتان (نمائندہ نوائے وقت‘خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے ریلوے اسٹیشن ملتان پر قلیوں کے لئے قائم مہر فاطمہ دسترخواں اور مسافروں کے لئے دو واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی اور ڈی ایس ریلوے حماد حسن مرزا بھی انکے ہمراہ تھے۔گورنر پنجاب نے ملتان،بہاولپور، ڈیرہ نواب اور لودھراں ریلوے اسٹیشن کے قلیوں میں راشن بھی تقسیم کیا۔راشن میں آٹا،دال، چینی، چاول اور کھانے پینے کی اشیاء شامل تھیں۔واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب،قلیوں کے لئے راشن کا انتظام اور مہر فاطمہ دسترخواں کا قیام رومی فاونڈیشن کی طرف سے کیا گیا تھا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے اس موقع منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں نادار افراد اور بھوکے کو کھانا کھلانا بہترین عمل اور بہت بڑی نیکی قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب ایک بڑی آزمائش ہے جس سے 4 کروڑ افراد بے گھر ہوئے ہیں اور اس سیلاب کے ملکی معیشت پر بہت گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلڈ کی وجہ سے ٹرین آپریشن متاثر ہوا جس سے قلی بے روزگار ہو گئے۔اس سلسلے میں قلیوں کے لئے مہر فاطمہ دستر خواں کا قیام اور راشن کی تقسیم بہترین اقدام ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کیلئے خواجہ جلال الدین رومی کے خاندان کی بے مثال خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل ثروت اور مخیر حضرات کی ذمہ داری ہے کہ وہ غریب اور نادار لوگوں کا خیال رکھیں۔معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ رومی فاونڈیشن کے تحت انسانیت کی خدمت کا سفر جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان ریلوے اسٹیشن پر روزانہ 300 سے زائد قلیوں اور مسافروں کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور فاطمہ جناح ہسپتال میں بھی روزانہ فری لنچ فراہم کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملتان ریلوے اسٹیشن پر دو واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں جس میں ایک پلانٹ کے ساتھ چلر نصب کیا گیا ہے۔جلال الدین رومی نے بتایا کہ ایک ماہ کے اندر خانیوال ریلوے اسٹیشن پر بھی چلر کا حامل واٹر فلٹریشن پلانٹ فعال کردیا جائے گا۔ڈی ایس ریلوے حماد حسن مرزا نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔بعد ازاں چانسلر و گونر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا نجی کالج کے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت نوجوانوں کی شخصیت نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور بہترین تربیت کے ذریعے ہی انسان ترقی کی منازل طے کرتا ہے۔قبل ازیں گورنر پنجاب نے ایم فل،ماسٹر اور بیچلر کرنیوالوں کو ڈگریاں دیں۔اس موقع پر نجی کالج نے ہونہار سٹوڈنٹس کو ہر سال 9 محمد بلیغ الرحمان سکارلر شپ دینے کا اعلان کیا۔