بابراعظم کپتانوں ‘ٹرافی کیساتھ فوٹو شوٹ کیلئے میلبورن ‘باقی سکواڈ برسبین جائیگا‘شاہین آفریدی ‘فخر زمان‘مینٹور میتھیو ہیڈن آج جوائن کرینگے 

Oct 15, 2022


لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کا سکواڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کےلئے آج15اکتوبر ہفتہ کو کو کرائسٹ چرچ سے برسبین روانہ ہوگا،قومی سکواڈ برسبین میں دو وارم اپ میچز کھیلنے کے بعد 20 اکتوبر کو میلبورن پہنچے گا۔پاکستان ٹیم پہلا میچ 23 اکتوبر کو بھارت کے خلاف میلبورن میں کھیلے گی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کا فائنل کھیلنے کے بعد کرائسٹ چرچ سے میلبورن روانہ ہوں گے۔بابر اعظم آج میلبورن میں تمام ٹیموں کے کپتانوں کےساتھ ورلڈ کپ ٹرافی کے فوٹو شوٹ میں شرکت کریں گے۔فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان بھی آج 15 اکتوبر کی شام کو برسبین میں قومی سکواڈ کو جوائن کرلیں گے جبکہ ڈاکٹر جاوید ان دونوں کھلاڑیوں کے ہمراہ قومی سکواڈ کو بطور سیکنڈ فزیو جوائن کریں گے۔پاکستان ٹیم کے مینٹور میتھیو ہیڈن بھی آج ہفتہ کی رات کو ہی قومی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔پاکستان ٹیم کے ڈاکٹر نجیب سومرو کرائسٹ چرچ سے میلبورن میں اپنے گھر روانہ ہوجائیں گے۔ وہ بھارت کےخلاف میچ سے قبل میلبورن میں قومی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔ مقامی ڈاکٹر شمائل قومی ٹیم کےساتھ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔پاکستان نے لیگ سپنر عثمان قادر کی جگہ بیٹر فخر زمان کو ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے 15 رکنی سکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔فخر زمان ریزرو کرکٹر کی حیثیت سے سکواڈ میں شامل تھے۔پاکستان کو برسبین میں انگلینڈ اور افغانستان کےخلاف بالترتیب 17 اور 19 اکتوبر کو وارم اپ میچز کھیلنے ہیں۔

مزیدخبریں