اقوام متحدہ (شِنہوا) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی موسمیاتی آفات کی پیشگی انتباہ کے عالمگیر نظام کے لیے ایک منصوبے کا آغاز کریں گے۔ گوتریس نے آفات کے خطرے میں کمی کے عالمی دن کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ موسمیاتی آفات سے ملکوں اور معیشتوں کو ماضی کی نسبت زیادہ نقصان پہنچ رہا ہے۔ گرین ہاس گیسوں کے اخراج میں مسلسل اضافہ پورے کرہ ارض میں موسمیاتی شدت کے واقعات کو تیز تر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود دنیا براہ راست صورتحال کا سامنا کرنے والے لوگوں کی جان ومال اور معاش کے تحفظ میں سرمایہ کاری کرنے بارے ناکام ہو رہی ہے۔ایسے لوگ اس کی زیادہ قیمت ادا کر رہے ہیں جن کا ماحولیاتی بحران پیدا کرنے میں کردار انتہائی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیشگی انتباہ کے کسی نظام کی غیر موجودگی کی وجہ سے پوری آبادی کو موسمیاتی آفات کے خطرے سے بے خبر رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو شدید موسم کے واقعات کی تیاری کے لیے مناسب انتباہ کی ضرورت ہے، اسی لیے میں اگلے پانچ برسوں کے دوران پیشگی انتباہ کے لیے عالمگیر نظام پرزور دے رہاہوں۔