اسلام آباد(نا مہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور قائم مقام سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کے حقوق کا تحفظ اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر کیا جو ہر سال اقوام متحدہ کے زیر اہتمام 15 اکتوبر کو پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور انہیں تعلیم اور روز گار کے یکساں مواقعوں کی فراہمی سے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے اور وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفید چھڑی اس بات کی علامت ہے کہ بصارت سے محروم افراد کسی کے محتاج نہیں اور یہ محرومی انہیں آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔ سپیکر نے بصارت سے محروم افراد کی کاوشوں کو سراہتے ہوے کہا کہ یہ لوگ زندگی کے ہر شعبے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بصارت سے محروم خاتون صائمہ سلیم اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہے ۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے خصوصی طور پر اہل افراد کے لیے قانون سازی کی تاکہ ان کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خصوصی طور پر اہل افراد کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔اسپیکر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں خصوصی طور پر اہل افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کو بریل رسم الخط میں ترتیب دیا گیا ہے تاکہ بصارت سے محروم افراد تک اس کی رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کو بصارت سے محروم افراد کے لیے قابل استعمال بنایا گیا ہے۔اس موقع پر قائم مقام سپیکر نے کہا کہ آج کا دن اس عزم کو دہرانے کا دن ہے کہ ہم بصارت سے محروم افراد کی ہر ممکن مدد کریں اور انہیں ملک کا کار آمد شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے عام عوام پر زور دیا کہ وہ ان افراد پر ترس کھانے کی بجائے ان کی ہر ممکن مدد کریں تاکہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔قائم مقام سپیکر نے کہا کہ سفید چھڑی کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ہم بصارت سے محروم افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کرکے بصارت سے محروم افراد بھی بصارت رکھنے والے شہریوں کے شانہ بشانہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بصارت سے محروم افراد کو یکساں تعلیم اور روزگار کے مواقعوں کی فراہمی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔
بصارت سے محروم افراد کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے ، راجہ پر ویز اشرف
Oct 15, 2022