کوئٹہ(این این آئی ) ٹی بی کنٹرول پروگرام بلوچستان کے منیجر ڈاکٹر آصف شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 4 نئی موبائل وین کے ذریعے ٹی بی کے مریضوں کی سکریننگ شروع کردی اور 10 نئی جین ایکپرٹ مشینیں ٹی بی کے مریضوں کی تشخیص کے لئے فراہم کر دی گئی ہیں،بلوچستان کے تمام ٹی بی مراکز کی سولرائزیشن تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔یہ بات انہوں نے گلوبل فنڈ ،یوایس ایڈ اور جے ایس آئی کی معاونت سے بین الصوبائی ٹی بی پروگرام کے سہ ماہی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر مصطفی جمال قاضی ڈپٹی این سی ڈاکٹر مطاہر شاہ، صوبائی کوارڈنیٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر آصف شاہوانی سمیت تمام صوبائی منیجرز اور ڈاکٹر عرفان رئیسانی پراجیکٹ منیجر بلوچستان گلوبل فنڈ نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں شریک چاروں صوبوں کے ٹی بی پروگرام کی پیشرفت اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیااورتمام مسائل اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر آصف شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان میں ٹی بی کے مریضوں کی تشخیص اورانہیں علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کا رلایاجارہا ہے۔